اسلام آباد : ریحام خان کا کہنا ہے کہ سچائی مراد سعید کو بہت نقصان پہنچائے گی، مجھ پر کیچڑ اچھال کر اپنے سیاسی کیریئر کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق ریحام خان نے مراد سعید کے بیان پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر درعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نوجوان کو پتہ ہونا چاہیے کہ میں اسکے تمام سوالات کے جوابات ثبوتوں کے ساتھ دے سکتی ہوں، سچائی مراد سعید کو بہت نقصان پہنچائے گی۔
ریحام خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ مراد سعید کو مجھ پر کیچڑ اچھال کر اپنے سیاسی کیریئر کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہئے ،ہم مراد سعید کے سوال کے جواب کے ساتھ انوائس بھی منسلک کریں گے۔
ریحام خان کی الزام تراشی کردارکشی کی کوشش ہے، مراد سعید
اس سے قبل گذشتہ روز ریحام خان کی پریس کانفرنس کے بعد مراد سعید کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ ریحام خان کی جانب سے الزام تراشی کردار کشی کی نئی کوشش ہے، ریحام خان الزام تراشی سے قبل چند سوالوں کے جواب دیں، دورہ سوات کے دوران زیر استعمال گاڑی کس کی تھی، کیا ایک سیاسی جماعت کے رہنما کے گھر آپ کیلئے ضیافتوں کا اہتمام نہیں کیا گیا؟ کیا اب بھی آپ امیر مقام اور نون لیگ سے اپنے تعلق اور رابطوں کو جھٹلائیں گی؟
مراد سعید نے کہا کہ عمران خان کی ذات پرکیچڑ اچھالنے سے بھی مقاصد حاصل نہیں ہوئے، سیاست میں غلاظت کا کھیل کھیلا جا رہا ہے، غلاظت کےخاتمے کیلئے کپتان پڑھے لکھے نوجوان کو سیاست میں لائے۔
مزید پڑھیں : عائشہ گلالئی سے کوئی تعلق نہیں، ریحام خان
یاد رہے کہ اتوار کے روز ریحام خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ حلفیہ کہتی ہوں کہ عائشہ گلالئی سے کوئی تعلق نہیں ہے، مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام سے کبھی ملاقات نہیں کی، ہم خان ہیں پیٹھ پروارکرنے والے نہیں، اللہ کے سوا کسی کو جواب دہ نہیں الزام مجھ پر نہیں لگا، جس پر الزام لگا ہے وہ جواب دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب میں بھابھی اور بیوی تھی تب بھی مجھ سے بدتمیزی ہوئی اب تو میری جان چھوڑ دیں صبر کی بھی انتہا ہوتی ہے۔