کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس میٹر خرابی کے نام پر پی یو جی پاسنگ ان رجسٹر ڈ گیس کی مد میں کروڑوں روپے ماہانہ بلوں میں شامل کرکے ایک لاکھ صارفین کو بل جاری کر دیئے، صارفین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کوئی پیشگی نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔
سوئی سدرن گیس کے جنرل منیجر کسٹمر سروس ڈاکٹر اعجاز احمد کے مطابق جنوری سے جون2017 تک ایک لاکھ 8ہزار کے قریب صارفین کو "پی یو جی” بل جاری کیے جا چکے ہیں تاہم انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ماہانہ پی یو جی بل میں شامل کرنے کے حوالے سے کوئی آگاہی مہم چلائی گئی اور نہ ہی پیشگی نوٹس بھجوائے۔
ڈاکٹر اعجاز کے مطابق اگر کسی کسٹمر کا بل چار ماہ تک کم یا زیرو ریڈنگ ظاہر کرے تو اس میٹر کو چیک کرایا جاتا ہے اورخرابی کی صورت میں میٹر تبدیلی تک صارف کو (پی یو جی )بل جاری کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر اعجاز نے بتایا کہ اب تک 46 ہزار میٹر تبدیل کئے گئے ہیں جبکہ پچپن ہزار میٹر ز تبدیل کیے جانے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کمپنی کے پاس میٹرز کا وافر اسٹاک موجود ہے تاہم ہزاروں صارفین کے گیس میٹر ایک ساتھ تبدیل کرنا بھی ممکن نہیں ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ کمپنی کی جانب سے بغیر بتائے اضافی بل بھیجنا ظلم کے مترادف ہے۔ کے الیکٹرک کی جانب سے پہلے ہی اوور بلنگ کی جارہی ہے اب سوئی گیس نے بھی اضافہ بل بھیجنا شروع کر دیئے ہیں۔صارفین کا کہنا ہے کہ اگر میٹر میں خرابی ہے تو متعلقہ ادارہ مہینوں کیوں انتظار کرتاہے۔
صارفین نے اوگرا سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اداروں کے مفادات کا تحفظ کرنے کے بجائے صارفین کے حقوق کا خیال رکھا جائے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔