جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

اقلیتوں کا قومی دن: وزیر اعظم کا روادار معاشرے کے قیام کا عزم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ایک روادار معاشرے کے قیام کی جدوجہد کر رہی ہے جہاں ہر شخص کے بنیادی حقوق کی حفاظت کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق آج پاکستان میں اقلیتوں کا دن منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو ایک روادار اور متحمل مزاج معاشرہ بنائیں گے جہاں ہر انسان کے بنیادی حقوق کی حفاظت کی جائے گی اور ہر پاکستانی مذہب کی تفریق سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرے گا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے یقین دہانی کروائی کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے اس وعدہ کو نبھانے کی کوشش کی جائے گی جس میں انہوں نے اقلیتوں کے لیے یکساں حقوق اور مواقعوں کی یقین دہانی کروائی تھی۔

انہوں نے تمام شعبہ زندگی خصوصاً صحت کے شعبے میں اقلیتی افراد کی خدمات کا اعتراف بھی کیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام شہری برابر ہیں اور تمام افراد کے مذہب، ذات اور عقائد سے بالاتر ہو کر ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح کے لیے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں ان کے لیے نوکریوں میں 5 فیصد کوٹہ اور قومی اسمبلی و سینیٹ میں آبادی کے لحاظ سے نشستوں کا مختص کرنا شامل ہے۔

اقلیتوں کے قومی دن کی تاریخ

پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن 11 اگست سنہ 1947 میں کی جانے والی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی اس تقریر کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا، ’آپ آزاد ہیں، آپ پاکستان کی ریاست میں اپنے مندروں، مسجدوں یا کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں‘۔

قائد اعظم نے کہا تھا، ’آپ کسی بھی مذہب یا ذات سے تعلق رکھتے ہوں، کسی بھی عقیدے پر کاربند ہوں، کار سرکار سے اس کا کوئی تعلق نہیں‘۔

بانی پاکستان کی اس تقریر کی یاد میں سنہ 2009 میں اقلیتوں کا قومی دن منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اس دن کو بطور قومی دن منانے کی تجویز سابق وزیر اقلیتی امور شباز بھٹی نے دی تھی جنہیں سنہ 2011 میں قاتلانہ حملے میں ہلاک کردیا گیا۔

عمران خان کا پیغام

اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی خیر سگالی کا پیغام دیا۔

اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کے لیے خیر سگالی کے جذبات رکھتے ہیں۔ اقلیتوں کی فلاح کے بغیر فلاحی ریاست کا خواب ادھورا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے اقلیتوں کو مکمل آزادی اور تحفظ کی ضمانت دی تھی۔ آج بھی اقلیتیں تعمیر وطن میں بھرپور حصہ ڈال رہی ہیں۔ اقلیتوں کی فلاح و ترقی روز اول سے ہمارے منشور کا لازمی جزو ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ حکومت نے اقلیتوں کی بہبود پر بطور خاص محنت کی ہے۔


اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں