کوئٹہ: آپریشن ردالفساد کے تحت فرنٹیئر کورپس (ایف سی) بلوچستان اور پولیس نے کوئٹہ میں سرچ آپریشن کے دوران 31 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن رد الفساد ملک بھر میں کامیابی سے جاری ہے۔
آپریشن کے تحت حالیہ کارروائی صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کی گئی جہاں ایف سی بلوچستان اور پولیس نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا۔
کوئٹہ کے علاقوں کچلاک، سریاب، ہزار گنجی اور نواں کلی میں رات گئے کیے جانے والے سرچ آپریشن کے دوران 31 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے ایس ایم جی، پستول اور غیر قانونی گاڑیاں بھی برآمد ہوئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن جشن آزادی کی تقریبات کو درپیش خطرات کو ناکام بنانے کے لیے کیا گیا۔