جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

نوازشریف کے قافلے میں شامل گاڑی نے بچے کو کچل ڈالا

اشتہار

حیرت انگیز

گجرات : سابق وزیراعظم نوازشریف کے قافلے میں شامل گاڑی نے لالہ موسیٰ کے رہائشی بچے کو کچل ڈالا‘ رانا ثناءاللہ نے ویڈیو فوٹیج اور عینی شاہدین کو جھٹلادیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کا قافلہ گجرات پہنچا تو وہاں لوگ نواز شریف کو دیکھنے کے لیے آگے بڑھ رہے تھے، اسی دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جب نواز شریف کے قافلے میں شامل گاڑی کی زد میں آکر رحمت نامی بچہ جو لالہ موسیٰ کا رہائشی تھا‘ کچلا گیا۔

- Advertisement -

بچے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، اسکواڈ میں شامل کوئی گاڑی بچے کو اٹھانے کیلئے نہیں رُکی۔

ذرائع کے مطابق بچہ قافلے میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوا،  کالے رنگ کی گاڑی کا نمبر265 ہے۔

عینی شاہدین کا بیان


 رحمت کے ہمسایوں کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کی عمر 15 سے 16 سال ہے اور اس کا والد ایک غریب مزدور ہے‘ ہمسایوں کے مطابق پہلے گاڑی کا اگلا وہیل بچے پرچڑھا، شور مچانے کے باجود اسکواڈ کے ڈرائیور نے گاڑی نا روکی اور دوسرا وہیل  مذکورہ بچے کے سرپرسے گزاردیا

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایلیٹ فورس کے اسکواڈ سے گاڑی روکنے کا کہا گیا لیکن اس نے نظرانداز کرتےہوئے سفر جاری رکھا۔

بچہ اسکواڈ سے جاں بحق نہیں ہوا‘ راناثناءاللہ


دوسری جانب وزیر قانون پنجاب ران ثنا اللہ نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس بچے کے جاں بحق ہونے کی اطلاع موجود ہے لیکن وہ اسکواڈ کی کسی گاڑی کی زد میں نہیں آیا۔

 اے آروائی نیوز کے اینکر وسیم بادامی کے ویڈیو فوٹیج اور عینی شاہدین کے بیانات کی جانب توجہ دلانے کے باوجود رانا ثنا اللہ  اپنے بیان پر قائم رہے اور کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی۔ 

 قافلے میں شامل گاڑی سے بچہ جاں بحق، سیاسی رہنماؤں کی مذمت


عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شریفوں کے بچے اربوں کےفلیٹوں میں رہتے ہیں اور یہ غریبوں کے بچے ہیں، یہ لوگ مشتعل ہوگئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈار نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اقتدار بچانے کیلئے کسی حد تک بھی جانے والے نوازشریف مجرم ہیں۔

خرم نوازگنڈاپور نے بھی بچے کی ہلاکت پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بچے کے لواحقین میاں نوازشریف کے خلاف ایف آئی آرکٹوائیں، لواحقین شہباز شریف کیخلاف بھی ایف آئی آرکٹوائیں، شہبازشریف نے پنجاب پولیس ایک نااہل شخص کیلئے لگائی ہوئی ہے، ان لوگوں کو جانی یامالی نقصان کا افسوس نہیں،انا کا مسئلہ بنایا ہوا ہے۔

جماعت اسلامی کے رہنما سراج الحق نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا اگر حادثہ پیش آگیا تھا تب بھی وہاں رک کر صورتحال کا سامنا کرنا چاہیے تھا‘ یہ رویہ ہماری روایات کے خلاف ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں