اسلام آباد: وزیر مملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کل پورے ملک نےعوام کی میاں نوازشریف سےمحبت دیکھی،میاں نوازشریف نےعوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نوازشریف کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے آزادی ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا میں مستحکم اقتصادی قوت بن کر ابھر رہا ہے، کل پورے ملک نے عوام کی میاں نوازشریف سے محبت دیکھی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے2013 میں کیے گئے وعدوں کو پورا کیا، وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نوازشریف کےوعدوں کی تکمیل کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بیانات پر اظہار ہمدردی ہی کرسکتی ہوں، رات کے اندھیرے میں جلسی کرنے والے عوام کی محبت کیا جانیں، واپسی کی تیاری اب عمران خان کو کرنا چاہیے۔
وزیر مملکت اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف کو گھر واپسی کے سفر میں عوام کی بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ نواز شریف کیلئے عوام کی پذیرائی دیکھ کر عمران خان کی ذہنی کیفیت کا اندازہ لگا سکتی ہوں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو پڑھنا چاہیے،۔ پاکستان میں پارلیمان کا مقصد قانون سازی اور خود مختاری ہے ۔ بے نظیر بھٹو کی جمہوریت کیلئے خدمات سب کے سامنے ہیں، نہیں لگتا جمہوریت کے کسی بھی قدم پر پیپلزپارٹی پیچھے ہٹے گی۔