کوئٹہ : صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے خود کش حملہ آور کا سر مل گیا ہے جس کی جانچ پڑتال کے لیے تین رکنی فرانزک ٹیم کوئٹہ پہنچ چکی ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے بتایا کہ خود کش حملہ آور کا سر مل گیا ہے اور پنجاب سے تین رکنی فرانزک ٹیم بھی کوئٹہ پہنچ چکی ہے جہاں وہ خود کش حملہ آور کے سر اور دیگر شواہد کی جانچ پڑتال کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ابتدائی شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جس کی بنیاد پر کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں اسی طرح فرانزک ٹیم بھی کوئٹہ پہنچ گئی ہے۔
صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشت گرد یوم آزادی کے جشن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں لیکن بلند حوصلہ پاکستانی یوم آزادی شایان شان طریقے سے منا کر اپنے دشمنوں کو واضح پیغام دیں گے۔
خیال رہے گزشتہ روز ہونے والے خود کش حملے میں پاک فوج کے آٹھ جوانوں سمیت پندرہ افراد نے جام شہادت نوش کیا جب کہ 25 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے جنہیں سی ایم ایچ کوئٹہ میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔