جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

پاکستانی ریستوران نے امریکا میں دھوم مچادی

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: ایک طرف جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مہاجرین اور مسلمان ممالک کے شہریوں کے لیے سخت قوانین اور پابندیاں متعارف کروانے میں مصروف ہیں، وہیں وائٹ ہاؤس سے تھوڑے ہی فاصلے پر ایک پاکستانی مسلمان اپنے ریستوران میں بے گھر، غریب اور مہاجر افراد کو مفت کھانا فراہم کر کے پورے شہر کا ہر دلعزیز بن چکا ہے۔

سنہ 1996 میں امریکا منتقل ہونے والے قاضی منان صوبہ پنجاب کے شہر جہلم کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں۔

جس وقت وہ امریکا آئے اس وقت ان کی جیب میں صرف 3 ڈالر موجود تھے۔

- Advertisement -

یہاں پہنچنے اور بے روزگاری کا کٹھن وقت گزارنے کے بعد منان نے اپنا کام شروع کرنے کا سوچا اور کسی نہ کسی طرح ایک چھوٹا سا ریستوران کھول لیا۔

اس ریستوران کو کھولتے ہوئے منان کے ذہن میں اپنی ماں کی سکھائی ہوئی ایک بات تھی، ’تم چاہے کتنے بھی غریب ہو، اپنے حصے میں دوسروں کو حصہ دار ضرور بنانا، پھر دیکھنا خدا کس طرح ہر مشکل میں تمہاری مدد کرے گا‘۔

اسی اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے منان نے غریب اور بے گھر افراد کے لیے اپنے ریستوران کے دروازے کھول دیے۔

وہ بتاتے ہیں کہ شروع میں کسی کو علم نہیں تھا کہ یہاں غریب افراد مفت میں کھانا کھا سکتے ہیں۔ لہٰذا ہر روز شام کے وقت وہ قریبی پارک میں جاتے اور وہاں موجود بے گھر افراد کو جمع کر کے اپنے ریستوران میں لے آتے جہاں انہیں ان کا من پسند کھانا بغیر کوئی رقم خرچ کیے بغیر مل جاتا۔

آہستہ آہستہ منان کے کاروبار میں برکت پیدا ہوتی گئی۔

صرف چند ڈالرز سے شروع کیا جانے والا یہ ریستوران اب واشنگٹن میں 2 شاخوں کی شکل میں موجود ہے جبکہ منان کے پاس لیموزین گاڑیوں کا پورا فلیٹ جمع ہوچکا ہے جن میں وہ شہر کے مختلف حصوں سے غریب اور بے گھر افراد کو اپنے ریستوران میں بلوا کر کھانا کھلاتا ہے۔

منان کی کامیابی پوری امریکی میڈیا کی توجہ حاصل کرچکی ہے۔ امریکی میڈیا اسے ایک قابل تقلید اور مثالی پناہ گزین کے نام سے یاد کرتا ہے۔

تاہم منان کو اس مقبولیت سے کوئی دلچسپی نہیں۔ وہ کہتا ہے کہ یہ سب وہ مقبولیت حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ خدا کے لیے کر رہا ہے۔

منان کے ریستوران میں صرف عام افراد ہی نہیں بلکہ سیاستدان، اداکار، حکومتی عہدیدار اور جج بھی آتے ہیں۔

وہ انہیں پاکستان کے بارے میں بتاتا ہے اور پاکستان کی خوبصورت ثقافت و سیاحتی مقامات پر مبنی فلمیں بھی دکھاتا ہے۔

اس طرح منان امریکا میں پاکستان کا ایک مثبت تاثر پیش کر رہا ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں