جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

سستے اور فوری انصاف کے لیے آئینی ترمیم لائیں گے: نواز شریف

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جمہوریت عوام کی رائے اور ووٹ کے تقدس کا نام ہے۔ پاکستان چند لوگوں نہیں، 20 کروڑ عوام کی ملکیت ہے۔ سستے اور فوری انصاف کے لیے آئینی ترمیم لائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مزار اقبال پر حاضری دی۔ نواز شریف جاتی امرا سے حضوری باغ 36 گاڑیوں کے پروٹوکول میں روانہ ہوئے جبکہ ان کے روٹ پر 400 سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے۔

مزار اقبال پر پہنچ کر نواز شریف نے پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وفاقی وزرا احسن اقبال، سعد رفیق، لیگی رہنما پرویز رشید، آصف کرمانی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز بھی ان کے ہمراہ تھے۔

- Advertisement -

مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان قائد اعظم کی قیادت میں جمہوری جدوجہد اور ووٹ کی طاقت سے وجود میں آیا۔ بدقسمتی سے قائد اعظم کی وفات اور قائد ملت کی شہادت کے بعد ہم نے ووٹ کی طاقت کو نظر انداز کیا۔ ووٹ کی طاقت کو نظر انداز کرنے سے قائد اعظم کا پاکستان ٹوٹ گیا۔

مزید پڑھیں: سال 71 میں‌ پاکستان دو لخت ہوا، پھر کوئی حادثہ نہ ہوجائے، نواز شریف

نوازشریف کا کہنا تھا کہ آج ہم شرمسار ہو کر پیش ہوتے ہیں، افسوس ملک ٹوٹنے سے ہم کچھ سیکھ نہ سکے۔ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو اسی راہ پر ڈالا جائے جو قائد اعظم نے طے کیا تھا۔ آج ہمیں پھر طے کرنا ہوگا کہ ہم ہر صورت ووٹ کے تقدس کو اپنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت عوام کی رائے کے احترام، ووٹ کے تقدس، عوام کی حکمرانی اور آئینی کی بالا دستی کا نام ہے۔ ہمیں آئین اور قانون کا احترام کرنا ہوگا، ہم ادھر ادھر بھٹکتے رہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ کیا آج ہم خوشی کے ساتھ 70 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ خوشی اس وقت ہوتی جب مشرقی اور مغربی پاکستان بھی ہمارے ساتھ ہوتا۔ جو پاکستان بچا ہے ہم نے اس میں انتشار ہی انتشار دیکھا ہے۔ ووٹ کی حرمت کا خیال رکھا جاتا تو آج ہمیں یہ دن دیکھنا نہ پڑتے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم آئینی ترامیم اور نئے قانون بنانے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان چند لوگوں کی نہیں 20 کروڑ عوام کی ملکیت ہے۔ آج ملک بدلا ہوا ہے ترقی کی طرف تیزی سے جا رہا تھا لیکن ابھی جو سلسلہ شروع ہوا ہے اس سے ترقی کو دھچکہ لگا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تماشا بند نہیں ہوگا تو اللہ نہ کرے یہ پاکستان کو کسی اور حادثے سے دو چار کرے گا۔


Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں