لاہور : صوبہ پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز اور محکمہ صحت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم کردی۔
تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز اور محکمہ صحت پنجاب کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے باعث پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں 15 روز سے جاری ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال ختم ہوگئی۔
ینگ ڈاکٹرز 11 بجے پریس کانفرنس میں مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دیں گے۔
دوسری جانب محکمہ صحت ایڈہاک ڈاکٹروں کو مستقل کرنے کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کوبھیجے گا۔
محکمہ صحت پنجاب نے ہڑتال کے دوران برطرف ڈاکٹروں کی برطرفی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی بھی یقین دہانی کرا دی ہے اور اس کے علاوہ سینٹرل انڈکشن پالیسی پر تمام کالجز کی اکیڈمک کونسل نظرثانی کریں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے لاہورہائی کورٹ میں ایک شہری کی جانب سے احتجاج کرنے والے ینگ ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب حکومت اور ینگ ڈاکٹرز کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے71 ہڑتالی ڈاکٹروں کو ملازمت سے برطرف کردیا تھا۔