سری نگر : مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھرکے کشمیری آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں مکمل ہڑتال ہے۔
بھارت کے یوم آزادی پر کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں، حریت رہنماؤں کی کال پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہے، کاروبار اور تعلیمی ادارے بند ٹرانسپورٹ معطل ہے۔
بھارت کے غاصبانہ قبضے کیخلاف مقبوضہ وادی میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور گھروں پر سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے۔
کشمیریوں کو احتجاج سے روکنے کے لئے بھارتی فورسز کے اضافی اہلکار تعینات ہیں ، مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند ہے۔
بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے بہانے متعدد کشمیری نوجوانوں کو گرفتارکرلیا ہے جبکہ کشمیری قیادت کو احتجاجی ریلیوں کی قیادت سے روکنے کےلئے گھروں میں نظربندکردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : کشمیریوں کا یوم سیاہ، کٹھ پتلی حکومت پریشان
گذشتہ روز پاکستان کی یوم آزادی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچموں کے ساتھ ریلی پلوامہ میں نوجوانوں نے پاکستان سے محبت کا ثبوت دیا جبکہ آسیہ اندرابی نے سری نگر میں پھر پاکستانی پرچم لہرادیا۔
پاکستان کی آزادی کے ستر سال پورے ہونے پر کشمیری رہنماوں نے مبارکباد دی، حریت رہنما سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ1947 سے اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی تعاون پر پاکستان کے شکر گزار ہیں، مستحکم پاکستان کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے انتہائی اہم ہے۔
واضح رہے کشمیری عوام ہر سال بھارت کے یوم آزادی کے دن یوم سیاہ مناتی ہے اور دنیا کی قابض بھارتی افواج کے مظالم کی جانب عالمی برادری کی توجہ دلاتے ہیں اور کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینے کی اپیل کی جاتی ہے۔