پشاور: خیبرپختونخواہ کے علاقے مردان سے تعلق رکھنے والے نوجوان بلے باز زبیر احمد گردن پر گیند لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق زبیر احمد گزشتہ روز مردان کی تحصیل کاٹلنگ میں پریکٹس میچ کے دوران بیٹنگ کررہے تھے کہ اسی دوران تیز بال اُن کی گردن پر لگی جس کے نتیجے میں وہ بے ہوش ہوگئے۔ زبیراحمد کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا، ڈاکٹرز کے مطابق نوجوان راستے میں ہی دم توڑ گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نوجوان بلے باز کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔
Tragic death of Zubair Ahmed is another reminder that safety gear i.e. helmet must be worn at all times. Our sympathies with Zubair’s family pic.twitter.com/ZNmWDYaT5w
— PCB Official (@TheRealPCB) August 16, 2017
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیغام جاری کیا کہ زبیراحمد کے انتقال سے ثابت ہوگیا کہ میچ کھیلنے کے دوران حفاظتی سامان اور ہیلمٹ کا استعمال کس قدر ضروری ہے۔
اہل خانہ کے مطابق زبیر احمد گیارہویں جماعت کے طالب علم تھے اور انہوں نے زمانہ اسکول میں کرکٹ کھیلی تاہم وہ حال ہی میں قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑی فخر زمان کی قائم کردہ اکیڈمی سے منسلک ہوئے تھے۔