راولپنڈی : نیب راولپنڈی نے اسحاق ڈار، طارق شفیع اور موسیٰ غنی کو طلب کر لیا، تینوں افراد کو تیئس اگست کو پیش ہونے کو حکم دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نااہل ہونے والے نواز شریف اور ان کے بیٹوں کے بعد ان کے رفقاء کو بھی نیب راولپنڈی نے طلب کرلیا ہے، نیب راولپنڈی کی جانب سے طلبی کا نوٹس اسحاق ڈار کو ان کی گلبرگ لاہور کی رہائشگاہ پر بھیجا گیا۔
ڈیوٹی پرموجود پولیس افسر نے کہا اسحاق ڈار تو کبھی کبھی یہاں آتے ہیں، انکا نوٹس منسٹرانکلیو اسلام آباد میں انکی رہائش گاہ پر بھیجا جائے۔
موسیٰ غنی کو نیب کا نوٹس اسحاق ڈار کے ہی پتے پر بھیجا گیا تھا، جس پر جواب ملا کہ وہ تو یہاں نہیں رہتے۔
طارق شفیع کے نیب کا نوٹس ان کے ماڈل ٹاؤن کے دو گھروں پر بھیجے گئے ہیں، سابق وزیر اعظم کے تینوں ساتھیوں کو تیئس اگست کو نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : نیب نے نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں کو طلب کرلیا
یاد رہے گذشتہ روز نیب نے نواز شریف، حسن اور حسین نواز کو طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا، نواز شریف بیٹوں سمیت اٹھارہ اگست کو نیب لاہور میں پیش ہوں گے۔
نیب کی ٹیم عزیزیہ اسٹیل ملز سے متعلق پوچھ گچھ کرے گی ،شریف خاندان کو دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے
خیال رہے کہ عزیزیہ اسٹیل ملز کیس گیارہ اگست کو نیب راولپنڈی کے حوالے کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا اور ان سمیت خاندان کے دیگر افراد کے خلاف کیسز نیب کو بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ چھ ہفتوں کے اندر تمام ریفرنسز تیار کر کے احتساب عدالت میں دائر کیے جائیں جو چھ ماہ میں ان کا فیصلہ کرے۔