لاہور : سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نوازکے کاغذات نامزدگی کی منظوری لاہور ہائی کورٹ ٹریبونل میں چیلنج کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک نے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف ہائی کورٹ ٹریبونل میں درخواست دائرکر دی درخواست عوامی تحریک کے امیدوار اشتیاق چوہدری کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ کلثوم نواز کیخلاف بغاوت کا مقدمہ ہے، لیکن انہوں نے نامزدگی فارم میں ظاہر نہیں کیا، ان کا اقامہ بھی دوہری شہریت کے مترادف ہے، اس لئے وہ این اے ایک سو بیس میں الیکشن نہیں لڑ سکتیں۔
جس میں مزید کہا گیا ہے کہ اقامہ کی بنیاد پر جو اکاؤنٹس کھولے گئے اور لین دین کیا گیا اسے بھی ظاہر نہیں کیا گیا، ریٹرننگ افسر کے روبرو تمام اعتراضات پیش کئے لیکن کاغذات منظور کر لئے گئے۔
درخواست گزار نے ٹریبونل سے استدعا کی کہ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
مزید پڑھیں : این اے 120: بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور
یاد رہے گذشتہ روز این اے 120 سے ضمنی انتخاب لڑنے کے لیے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کرتے ہوئے تمام اعتراضات کو مسترد کردیئے تھے ، جس کے بعد پی پی اور عوامی تحریک نے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کلثوم نواز الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کے بجائے
خیال رہے کہ این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوں گے اور یہ نشست سابق وزیر اعظم نواز شریف کو عدالت کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔