غزہ : مقبوضہ بیت المقدس پر قابض اسرائیلی فوج نے مسجد اقصی کی بندش اور حفاظتی اقدامات کے نام پر اسکینرز کی تنصیب کے خلاف فلسطینی شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 72 نمازیوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مقامی آبادی سے مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کرنے والے 72 فلسطینیوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
بین الااقوامی میڈیا کے مطابق گرفتار ہونے والے افراد اسرائیلی فوج اور پولیس کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بندش اور اس کے باہر حفاظتی اسکینر لگانے کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے گرفتاریاں باب الاسباط کے مقام پر رہنے والے فلسطینی رہائشی علاقوں میں کی گئیں جو کہ مرابطین اور مسجد اقصی میں نمازیں ادا کیا کرتے تھے اور ان نمازیوں کو باقاعدہ تعاقب کرکے گھروں سے حراست میں لیا گیا۔
فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ زیرحراست نمازیوں کے اہل خانہ کو ملاقات سے روکا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری نے بتایا کہ مسجد اقصی کے باہر دھرنا دینے کے الزام میں 43 فلسطینی افراد گرفتار کیے گئے ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے فرد جرم تیار کرلی گئی ہے۔