اسلام آباد : سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے ترجمان نے کہا ہے کہ پرویزرشید معصوم ہیں تو ڈان لیکس رپورٹ منظرعام پرلانےکامشورہ دیں، معلوم نہیں کچھ لوگوں نےاپنی غلطی کابوجھ وزارت داخلہ پر کیوں ڈال دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ترجمان نے سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کے بیان پر اپنا شدید رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لوگوں نے کوتاہیوں کا سارا بوجھ اسٹیبلشمنٹ پرکیوں ڈال دیا ہے۔
چوہدری نثار کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈان لیکس کمیٹی کے چھ ارکان میں سے صرف ایک رکن وزارت داخلہ کے ماتحت تھا، اپنی کارستانیوں پرپردہ ڈالنے کےلئے وہ کس قسم کی مدد کی توقع کررہے تھے، ایسے لوگوں کی سوئی وزارت داخلہ اور چوہدری نثار پرآکر پھنس گئی ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کا مہرہ، مشرف کی بد روح نے سازش کی،
پرویزرشید
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پرویز رشید میں اتنی اخلاقی جرات ہونی چاہئیے کہ وہ اس معاملے کی کھل کر وضاحت کریں اور اگر وہ خود کو معصوم سمجھتے ہیں تو ڈان لیکس رپورٹ منظرعام پر لانےکا مشورہ دیں۔
واضح رہے کہ پرویز رشید نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں شکوہ کیا تھا کہ وزارت داخلہ کے ہوتے ہوئے ہمارے خلاف فیصلے ہوئے، جس پر سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اپنے ترجمان کے ذریعے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔