جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

ایم کیو ایم پاکستان، پی ایس پی اور آفاق احمد کے درمیان رابطوں کا آغاز

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ایم کیوایم پاکستان 22 اگست کو ہونے والے کُل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے اپنے سخت حریفوں پاک سرزمین پارٹی اور ایم کیو ایم حقیقی کے رہنماؤں سے ملاقات کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کا ایک وفد کل پاک سرزمین پارٹی کو کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے ان کے مرکزی دفتر پاکستان ہاؤس جائے گا جہاں وہ پی ایس پی رہنماؤں سے ملاقات کریں گا۔

ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے وفد میں سینیئر ڈپٹی کنونیر عامر خان اور فرقان اطیب شامل ہوں گے جوصبح گیارہ بجے پی ایس پی کے مرکزی دفتر پاکستان ہاؤس جائیں گے، خیال رہے پی ایس پی اور ایم کیو ایم کے مابین یہ پہلی ملاقات ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کا دوسرا وفد کل دوپہر ایک بجے مہاجرقومی موومنٹ (حقیقی) کے چیئرمین آفاق احمد سے بھی ملاقات کرے گا اور آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے گا اس وفد میں عامر خان، امین الحق اور ارشد حسن شامل ہوں گے۔

اسی طرح ایم کیو ایم پاکستان کا تیسرا وفد صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن اور فیصل سبزواری کی قیادت میں کل پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کرے گا اور ملاقات میں 22 اگست کو ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

خیال 22 اگست کو ایم کیو ایم پاکستان نے سیاسی صورت حال اور گزشتہ برس سے اپنی تبدیل ہوتی سیاست پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے کل جماعتی کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں۔

یاد رہے گزشتہ برس 22 اگست کو کراچی پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتال پر بیٹھے کارکنا ن سے خطاب کے دوران بانی ایم کیو ایم کی جانب سے پاکستان مخالف نعرے لگانے اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے بانی سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی حکمت عملی اور فیصلے لندن کے بجائے پاکستان سے ہی کرنے کا اعلان کیا تھا۔


اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں