لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کرکٹ سیریز کا آغاز 28 ستمبر سے ہوگا، دونوں کے درمیان دو ٹیسٹ میچ، تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، آخری دو ٹی ٹوئنٹی لاہور میں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 28 ستمبر سے 2 اکتوبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 6 اکتوبر سے 10 اکتوبر تک ابوظہبی میں شیڈول ہے۔
ون ڈے سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 13 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا، دوسرا اور تیسرا ون ڈے 16 اور 18 اکتوبر کو ابوظہبی میں ہوگا جب کہ چوتھا ون ڈے 20 اکتوبر اور پانچواں ون ڈے 23 اکتوبر کو شارجہ میں ہوگا۔
اسی طرح ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ26 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا بعدازاں اگلے دو ٹی ٹوئنٹی میچز 28 اور 29 اکتوبر کو لاہور میں ہوں گے۔
خیال رہے کہ لاہور میں ہونے والے دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہیں،پی سی بی نے شیڈول سری لنکا کرکٹ بورڈ کو بھیج دیا ہے جس کی جلد منظوری کا امکان ہے۔
ویسٹ انڈیز اور دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی، نجم سیٹھی
اس ضمن میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بور نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ سری لنکا کے بعد ویسٹ انڈیز اور پھر دوسری ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی،وزیر داخلہ سے ملاقات ہوئی ہے انہوں نے بھرپور سیکیورٹی کا یقین دلایا ہے۔
اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے سگنلز گرین ہیں، چاہتے ہیں کہ لاہور سے پہلے کراچی میں میچز ہوں اور لاہور کے بعد پورے پاکستان میں میچز ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں پی ایس ایل کے بعد عالمی کرکٹرز پاکستان ضرور آئیں گے۔