اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جدہ ایئرپورٹ پر مکہ کے ڈپٹی گورنر شہزادہ عبداللہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیرخارجہ خواجہ آصف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم شاہدخاقان دورے کے دوران سعودی حکام سے ملاقاتیں کرینگے، سعودی حکام سے ملاقاتوں میں نئی امریکی پالیسی پر مشاورت کرینگے۔
وزیراعظم عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺپر بھی حاضری دیں گے۔
خیال رہے وزیراعظم بننے کے بعد شاہد خاقان عباسی کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
مزید پڑھیں : ٹرمپ کے بیان پرکابینہ کا اظہار تشویش، بھرپورجواب دینے کا فیصلہ
یاد رہے گذشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں امریکی صدر کے بیان پر تشویش کا اظہارکیا گیا اور پاکستانی موقف امریکی قیادت کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
خواجہ آصف امریکی دورے کے دوران پاکستان موقف سے آگاہ کرینگے ۔
اس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے جاتی امرا رائیونڈ میں ملاقات کی، ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان اور افغانستان کے بارے میں گمراہ کن ریمارکس پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ٹرمپ کا بیان غلط فہمی یا گمراہی کا نتیجہ ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی اور کامیاب ترین جنگ لڑی ہے، ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔