کراچی : ہائر ایجوکیشن کمیشن نے چار جامعات میں طلبہ کے داخلوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ ان اداروں میں داخلہ نہ لیں۔
تفصیلات کے مطابق ہائرایجوکیشن کمیشن نے ملک کے مختلف شہروں کی چار جامعات میں طلبہ کے داخلوں پر پابندی عائد کردی۔ یہ پابندی تدریسی بے ضابطگیوں اور بدانتظامی کے باعث لگائی گئی ہے۔
ہائرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جن چار یونیورسٹیوں میں داخلوں پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں پرسٹن انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کراچی، ایمپیئریل کالج آف برنس اسٹڈیز لاہور، گلوبل انسٹیٹیوٹ لاہور اور الخیر یونیورسٹی آزاد کشمیر شامل ہیں۔
ایچ ای سی کی جانب سے کہا گیا ہےکہ طلبہ ان تعلیمی اداروں میں داخلے کی درخواست دینے کی بجائے متبادل تلاش کریں۔
ایچ ای سی کا مزید کہنا ہے کہ ان اداروں کے نہ صرف مرکزی کیمپسز بلکہ ذیلی کیپمسز، برانچزاور ملحقہ ادارے بھی کسی بھی پروگرام میں طلبہ کو داخلہ دینے کےلیے اہل نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ ہائرایجوکیشن کمیشن نے طلبہ کو خبردار کیا ہے کہ ان تعلیمی اداروں سے موصول ہونے والی کوئی بھی ڈگری تسلیم نہیں کی جائے گی۔