کراچی: چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے کہا ہے کہ بارش کے پانی کی وجہ سے 10 کروڑ روپے کا نقصان ہوگیا، آج جس حالت میں کراچی تھا اس میں بھی حکومت نظر نہیں آئی۔
میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں عتیق میر نے کہا کہ بارش کا پانی مارکیٹوں، گوداموں اور کارخانوں میں داخل ہوا، بارش سے قبل اقدامات نہ کرنے سے ایک روز میں اربوں روپے کا کاروبار متاثر ہوا۔
چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد نے کہا کہ نقصان کا ازالہ کون کرے گا کب تک حکومت صرف آگاہ کرتی رہے گی؟ حکومتی ادارے کہیں کام کرتے ہوئے نظر نہیں آئے۔
کراچی: طوفانی بارش، 13 جاں بحق، نالے بپھر گئے، سڑکوں پر پانی جمع، بارش پھر شروع
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کام عوام کو طوفان اور رین ایمرجنسی لگانے سے آگاہ کرنا رہ گیا ہے۔
قبل ازیں کراچی میں جاری طوفانی بارش کے سبب شہر قائد کی بیشتر بڑی مارکیٹیں بند رکھی گئیں۔
واضح رہے کہ شہر قائد میں ہونے والی طوفانی بارش میں حادثات اور کرنٹ لگنے سے 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔ سڑکوں پر عوام کی مدد کرنے کے لیے فوج اور رینجرز سے مدد لی گئی اور حکومتی نمائندے سڑکوں سے غائب تھے۔