کراچی: موسم کی خراب صورتحال کے باوجود پی آئی اے کی چار پروازیں منسوخ کردی گئیں، ایک کا رخ موڑ دیا گیا جب کہ بقیہ تاخیر کا شکار رہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق چار پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ ایک پرواز کا رخ متبادل ائر پورٹ کی جانب تبدیل کیا گیا، کچھ پروازیں موسم کی خرابی کی وجہ سے 30 منٹ سے ڈیڑھ گھنٹہ تک تاخیر کا شکار رہیں۔
کراچی اور پرواز کے روٹ میں موسم کی خرابی کی وجہ سے کراچی سے سکھر کی پرواز PK-536 ، بہاولپور سے کراچی کی پروازPK-589 ، کراچی سے تربت کی پرواز PK-501 اور کراچی سے گوادر کی پروازPK-503 منسوخ کر دی گئیں جبکہ کراچی سے بہاولپور کی پروازPK-588 کا رخ ملتان ائر پورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ کراچی سے سکھر کی پروازPk-582 کی روانگی میں ایک گھنٹہ، کراچی سے دبئی کی پروازPK-213 ایک گھنٹہ تیس منٹ، کراچی سے اسلام آباد کی پروازPK366 ایک گھنٹہ تیس منٹ، کراچی سے سکھر کی پرواز PK-390 ایک گھنٹہ پینتیس منٹ تاخیر سے روانہ ہوئی۔
اسی طرح کراچی سے ڈیرہ غازی خان کی پرواز PK-585 ایک گھنٹہ، کراچی سے رحیم یار خان کی پروازPK-582 تیس منٹ، پشاور سے دبئی کی پروازPK-283 ایک گھنٹہ 40 منٹ، دبئی سے اسلام آباد کی پروازPK-212 ایک گھنٹہ بیس منٹ، دبئی سے اسلام آباد کی پروازPK-211 پچاس منٹ اور اسلام آباد سے مانچسٹر کی پرواز PK-701 پینتالیس منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
ترجمان پی آئی اے نے موسم کی خرابی کی وجہ سے پروازوں کی آمدورفت میں ہونے والی تاخیر پر مسافروں سے معذرت کی ہے۔