مانچسٹر: انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کے مایہ ناز سابق کھلاڑی وین رونی پر شراب پی کر گاڑی چلانے کے مقدمے میں فرد جرم عائد کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق فٹبالر ’رونی‘ کو ہمپشائر پولیس نے شراب پی کر گاڑی ڈرائیو کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہیں مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
ہمپشائر پولیس نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے مسلسل غلط ڈرائیو کرنے والی کالی گاڑی کو جمعے کی آدھی رات کو روکا تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ گاڑی کو فٹبالر رونی چلا رہے تھے۔
پولیس کی تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ فٹبالر نشے میں دھت ہوکر گاڑی چلا رہے ہیں جس کے بعد انہیں گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا گیا۔
عدالت نے 31 سالہ فٹبالر کو ضمانت پر رہا کرتے ہوئے 18 ستمبر کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔
یاد رہے کہ رونی نے رواں برس اگست میں انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ اور مانجیسٹر یونائیٹڈ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اب وہ ایورٹن کلب کا حصہ بن گئے ہیں۔