کراچی: عید قرباں کے دوسرے روز بھی بلدیاتی اداروں کی کارکردگی انتہائی ناقص نظر آئی، شہر کے بیشتر علاقوں میں گندگی کے ڈھیر اور آلائشوں کے سڑنے سے تعفن پھیلنے لگا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ہونے والی بارش کے بعد اب عید قرباں پر بھی بلدیاتی اداروں کی کارکردگی انتہائی مایوس کُن نظر آئی، شہر کے مختلف علاقوں میں گندگی کے ڈھیر اور آلائشیں تاحال موجود ہیں۔
آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے بلدیاتی حکومت کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے، گندگی اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کراچی کے کسی بھی ڈسٹرکٹ میں آلائشیں اٹھانے کے متاثر کن انتظامات نہیں کیے گئے جس کے باعث شدید تعفن پھیل رہا ہے، کورنگی، بلدیہ، سرجانی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، لیاقت آباد سمیت دیگر علاقوں میں آلائشیں سڑنے لگیں۔
شاہ فیصل کے قریب آلائشیں دبانے کے لیے بنائے جانے والے پوائنٹ پر بھی کوئی انتظامات نہیں کیے گئے جس کے باعث ڈمپنگ پوائنٹ پرندوں کی آماجگاہ بن گیا۔
کراچی کی اہم شاہراہ ’شاہراہ لیاقت‘ پر جگہ جگہ آلائشوں اور گندگی کے ڈھیر موجود ہیں جس میں سے شدید تعفن اٹھ رہا ہے جبکہ بلدیاتی نمائندے بھی اپنے امور انجام دیتے نظر نہیں آرہے دوسری جانب میئر کراچی بھی منظر عام سے غائب نظر آرہے ہیں۔