کراچی: برما میں مسلمانوں کے قتل عام اور انہیں بے گھر کیے جانے کی پوری دنیا اور ملک بھر میں مذمت کی گئی، شہروں میں جگہ جگہ ریلیاں نکالی گئیں، برما کے سفیر کو ملک بدر کرنے اور مسلم حکمرانوں او آئی سی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
بنگلہ دیش کی حکومت مہاجرین کو قبول کرے، مفتی منیب
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو روہنگیا مسلمانوں کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے، بنگلہ دیش کی حکومت کو مہاجرین کو قبول کرنا چاہیے تھا۔
او آئی سی سے امید لگانا بے کار ہے، مفتی منیب
انہوں نے کہا کہ مسلم عوام اپنی اپنی حکومتوں کو اس جانب متوجہ کریں،معاملے پر او آئی سی سے امید لگانا عبث ہے۔
گوجرانوالہ جماعت اسلامی کی ریلی، برما کے سفیر کو نکالا جائے، شرکا
برما میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف جماعت اسلامی نے گوجرانوالہ میں ریلی نکالی جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکا کے امریکا،بھارت،اسرائیل اور برما کے خلاف نعرے لگائے، شرکا نے برما کے سفیر کو پاکستان سے فوری واپس بھیجنے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ اسلامی برادران ممالک برما حکومت کو دہشت گرد قرار دیں۔
حیدر آباد پریس کلب پر احتجاج
برما میں مسلمانوں پر ظلم کے خلاف حیدر آباد پریس کلب پر احتجاج کیا گیا مسلمانوں کے قتل پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا، مظاہرین نے برما میں پرتشدد واقعات کے خلاف نعرے بازی کی۔
ابرار الحق کا ریلی نکالنے کا اعلان
پاکستانی گلوکار ابرار الحق نے مظالم کے خلاف کل احتجاج کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ ہر فورم پر مسلمانوں کے حق میں احتجاج کریں گے۔