کراچی : رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے 2 کارندوں سمیت 10 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ 10 ملزمان میں سے سعود آباد اور درخشاں سے عاطف عرف ببلی اور عامرعلی عرف باہے کو حراست میں لے لیا گیا ہے، دونوں ملزمان کا تعلق ایم کیوایم لندن کے عسکری ونگ سے ہے جو وال چاکنگ سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
علاوہ ازیں کراچی کے علاقے پریڈی اور عزیز بھٹی کے علاقوں سے 2 ڈکیت، سرسید کے علاقے سے 2 اسٹریٹ کرمنلز اور شاہ لطیف، ایئرپورٹ ٹاؤن اور بغدادی سے 4جرائم پیشہ ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جنہیں ابتدائی تفتیش کے بعد علاقہ پولیس کے حوالے کردیا جائے گا۔
خیال رہے کہ سال 2013 سے جاری رینجرز آپریشن کے نتیجے میں کراچی میں امن و امان کی صورت حال کافی بہتر ہوئی ہے اور دہشت گردی کے ستائے ہوئے شہریوں نے سُکھ کا سانس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔