لاہور : بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف سماعت کے لیے تیسری مرتبہ فل بنچ تشکیل دے دیا گیا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ نے آئیندہ ہفتے سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف سماعت کے لیے تیسری مرتبہ فل بنچ تشکیل دے دیا۔
نو تشکیل شدہ بنچ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم کیا گیا ہے جبکہ بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس شاہد جمیل اور جسٹس عبادالرحمن لودھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں : کلثوم نوازکی اہلیت جانچنے والا بنچ دوسری بار تحلیل
خیال رہے کہ جسٹس شمس محمود مرزا اور جسٹس فرخ عرفان کی جانب سے کیس کی سماعت سے معذرت کے باعث تین رکنی بنچ دو بار تحلیل ہوچکا ہے۔
یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر اور عوامی تحریک کے رہنما اشتیاق چوہدری کی جانب سے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا گیا ہے، درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی میں اپنی آمدن اور اثاثے ظاہر نہیں کئے۔ انھوں نے خود کو نوازشریف کی زیر کفالت ظاہر کیا مگر وہ کئی کمپنیوں میں شئیر ہولڈر ہیں۔
درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز نے زرعی انکم ٹیکس کی ادائیگی نہیں کی۔ اقامہ ظاہر کیا مگر تنخواہ کی رسید اور اس سے ہونے والی بچت کو ظاہر نہیں کیا، انھوں نے مری کی رہائش گاہ میں موجود فرنیچر اور دیگر گھریلو اشیاء کا کوئی ذکر نہیں کیا۔
درخواست گزاروں نے مزید کہا کہ سندھ میں ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج ہے مگر جان بوجھ کر اسے چھپایا گیا اور ریٹرنگ آفیسر نے حقائق کے برعکس کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کیے، عدالت ریٹرننگ آفیسر کے احکامات کالعدم قرار دے اور کلثوم نواز کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکے۔