لاہور : این اے 120ضمنی انتخابات میں دو دن باقی رہ گئے ہیں ، الیکشن کمیشن نے جلسے جلوسوں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے120میں انتخابی دنگل کے لئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں ، الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 120 میں آج سیاسی جماعتوں کے جلسے رکوانے کیلئے چیف سیکرٹری اورآئی جی پنجاب کو خط لکھ دیا۔
ضابطہ اخلاق سے متعلق مراسلہ این اے 120 کے ریٹرننگ افسر محمد شاہد کی جانب سے چیف سیکرٹری اورآئی جی پنجاب کو ارسال کیا گیا۔
خط میں کہا گیا کہ میڈیا کے ذریعے نوٹس میں آیا ہے کہ مختلف سیاسی جماعتیں آج حلقے میں جلسے کر رہی ہیں، این اے120کی حدود میں ریلی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
ریٹرننگ افسر نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سے کہا ہے کہ انتظامیہ حلقے میں اس طرح کی سیاسی سرگرمیاں اور جلسے رکوائے۔
مزید پڑھیں : این اے 120، تحریک انصاف،پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی آج پاور شو کرے گی
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں حلقے میں ریلی کی اطلاعات ہیں، پی ٹی آئی کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ ریلی اور جلسےمیں شرکت سے عمران خان کو گریزکرناچاہیے، ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی منتخب نمائندہ انتخابی مہم نہیں چلا سکتا۔
خیال رہے کہ این اے 120 ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ 17 ستمبر کو ہوگی، اس حلقے میں پاکستان تحریک انصاف ، مسلم لیگ ن پاکستان پیپلزپارٹی سمیت 44 امیدواروں میدان میں ہیں۔
این اے 120 صمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کی امیدوار کلثوم نواز اور تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔