جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

ابوظہبی ٹیسٹ: سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

ابوظہبی: سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کو 21 رنز سے شکست دے دی، 136 رنز کے تعاقب میں پاکستان کے تمام کھلاڑی 114 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن فتح سری لنکا کے حصے میں آئی، لنکنز نے پاکستان کو 21 رنز سے شکست دے کر پہلا ٹیسٹ میچ جیت لیا، پاکستان کو 21 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

- Advertisement -

بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے 136 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنا چاہا لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکا اور 114 پر ڈھیر ہوگیا۔

رنگانا ہیراتھ نے 6 اور پریرا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، پاکستان کے صرف 3 کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے

ہدف آسان تھا، جیت جانا چاہیے تھے، پارٹنر شپ نہ ملنے پر میچ ہارے، سرفراز

میچ ہارنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ آسان ہدف ملا، ہمیں میچ جیت  جانا چاہیے تھا لیکن ٹیم کو کچھ مسائل تھے جس کی وجہ سے میچ نہیں جیت سکے، اگلے میچ میں بھرپور کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے، آخری دن بیٹنگ کرنا مشکل تھا، اگر کوئی پارٹنر شپ مل جاتی تو جیت سکتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حارث سہیل بہت اچھا کھیلے،امید ہےکہ حارث سہیل آئندہ بھی اچھا کھیل پیش کریں گے۔

قبل ازیں ابوظہبی ٹیسٹ میں آخری روز سری لنکا نے دوسری نامکمل اننگز انہتر رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو محمد عباس نے پاکستان کو بریک تھرو دلادیا، مینڈس کو 18 اور لکمل 13 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر دیا۔

تیہتر رنز پر سری لنکا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی تھی۔

سرنگا لکمل کو بھی محمد عباس نے اپنا نشانہ بنایا، پیس اٹیک کے بعد لیگ اسپنر یاسر شاہ کا جادو چل گیا اور ایک ہی اوور میں یاسر نے اوپر تلے دو وکٹیں لے کر سری لنکن بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔

یاسر شاہ نے پہلے پریرا کو پویلین کی راہ دکھائی اور اس کے بعد اگلی ہی گیند پر ہیراتھ کو صفر پر آؤٹ کر دیا، ٹیل اینڈرز زیادہ دیر تک مزاحمت نہ کرسکے۔

حسن علی نے سری لنکا کی آخری وکٹ حاصل کرکے ایک سو اڑتیس رنز پر سری لنکا کا بوریا بستر گول کردیا۔

یاسر شاہ نے اننگز میں پانچ اور میچ میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عباس نے دو اور حسن علی، حارث سہیل اور اسد شفیق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔


مزید پڑھیں : ابوظہبی ٹیسٹ : پاکستان کے 422 اور سری لنکا کے4 وکٹ پر69 رنز


اس سے قبل پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں سری لنکا کے خلاف 422 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی، انجری کے باوجود اوپنر اظہر علی سب سے زیادہ 85 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کی پہلی اننگز میں اظہر علی 85 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے حارث سہیل نے 76 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں شان مسعود 59، سمیع اسلم 51، اسد شفیق 39، حسن علی 29 اور بابر اعظم 28 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے ہیراتھ نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لکمل اور فرنینڈو نے دو، دو اور پریرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں