تازہ ترین

پراسرار صوتی حملے، امریکا کا کیوبا کے 15 سفارتکاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم

واشنگٹن : سفارتکاروں پر پر اسرار صوتی حملوں کے بعد امریکا نے کیوبا کے سفارتکاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے کیوبا کے 15 سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کے حکم دیدیا اور ملک چھوڑنے کے لیے 7 دن کی مہلت دی ہے۔

گزشتہ ہفتے امریکا نے کیوبا کے دارالحکومت ہوانا سے اپنے نصف سے زائد سفارتکاروں کو واپس بلالیا تھا جس کے بعد امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے یہ اقدام کیا گیا ہے۔

کیوبا میں موجود امریکی سفارتخانے میں کام کرنے والے سفارتکاروں کو پراسرار صوتی حملوں کا سامنا تھا، جس کے بعد وہ صحت کے مسائل سے دوچار ہیں، جن میں دماغ کو پہنچنے والے ہلکے صدمے، چکر آنا اور دل متلانا جیسے مسائل شامل ہیں۔

امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن نے اپنے بیان میں کہا کہ کیوبا ویانا کنونشن کے تحت ہمارے سفارتکاروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے، اس لیے سفارتکاروں کو بے دخل کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب کیوبا کی حکومت نے امریکی سفارتکاروں کو نشانہ بنانے کی تردید کی تھی جب کہ امریکا نے بھی ان حملوں کا ذمہ دار کیوبن حکومت کو نہیں ٹھہرایا تھا۔

یاد رہے مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کیوبا کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے معاہدے کو ختم کرنے کی دھمکی بھی دے چکے ہیں۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -