اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے انتخابی اصلاحات بل 2017 کیخلاف درخواست دائر کردی ، جس میں نواز شریف کوبطور صدر مسلم لیگ ن کام کرنے سے فوری روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے انتخابی اصلاحات بل 2017 کیخلاف درخواست دائر کردی، درخواست سپریم کورٹ میں بیرسٹرفروغ نسیم کےذریعے دائر کی گئی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سینیٹ میں الیکشن ایکٹ 2017 منظورکرتے وقت قواعد کی خلاف ورزی کی گئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ نواز شریف کوبطور صدر مسلم لیگ ن کام کرنے سے فوری روکا جائے، الیکشن ایکٹ 2017 کا سیکشن 203اور232کالعدم قرار دیا جائے۔
دائر درخواست میں کہا گیا کہ مسلم لیگ ن کے پارٹی صدر کے انتخاب کو کالعدم قرار دیا جائے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ آج انہوں نے آئینی ترمیم الیکشن بل کی شق دوسو تین کیخلاف رٹ دائر کی ہے، الیکشن بل کی شق دوسو تین آئین سے متصادم ہے ، الیکشن بل کی شق203بدنیتی پر مبنی ہے ، نااہل شخص خود کو اہل بنا لے گاتو نااہلوں کاجمعہ بازار لگ جائیگا،چور کا ساتھی چور ہی ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں : نواز شریف کو پارٹی سربراہ بنانے کی راہ میں حائل آخری رکاوٹ بھی دور
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دنیا کی تاریخ میں نہیں ہے کہ سپریم کورٹ کیخلاف کوئی جائے، اداروں کو پیغام دیا گیا ہے کہ ہم فیصلے کو نہیں مانتے ،جب بھی یہ کیس لگے گا آئین اورقانون کو فتح ہوگی۔
اضح رہے کہ دو روز قبل نااہل نواز شریف کو مسلم لیگ ن کی صدارت کا اہل بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی میں بھی منظور کرایا گیا تھا۔