اسلام آباد: نیب کے نئے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کسی سے ڈکٹیشن نہیں لوں گا اور ادارے کی ساکھ کو بحال رکھوں گا، افسران دیانت داری سے کام کریں تو ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔
اسلام آباد میں نیب افسران سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ قومی احتساب بیورو میں دائر تمام ریفرنسز کی مؤثر پیروی کرتے ہوئے کرپشن کی تحقیقات مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ نیب افسران دیانت داری سے کام کریں تو ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، افسران کسی کے دباؤ میں نہ آئیں اور ادارے کی ساکھ کو بحال رکھنے کےلیے احتساب سب کا کے اصول پر مکمل عمل کریں۔
پڑھیں: شریف خاندان کےخلاف کیسزمیرٹ پرچلیں گے‘ چیئرمین نیب
جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ کسی سے ڈکٹیشن لی نہ ہی آئندہ لوں گا، بدعنوان عناصر میں کوئی بھی شامل ہو اُس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تمام افسران کی کارکردگی خود مانیٹر کروں گا اور افسران یاد رکھیں کہ عہدےکاغلط استعمال کرنےوالوں کی نیب میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ سابق چیئرمین نیب قمر زمان چودھری کے سبک دوش ہونے کے بعد آج جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے چیئرمین نیب کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔