آزاد کشمیر : بھارتی فوج کا جنگی جنون عروج پر ہے، ایل او سی پر سیزفائر معاہدے کی پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹرپربلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کی ، جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی ایل اوسی نکیال سیکٹرپربلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کی ، فائرنگ وگولہ باری سے8افراد زخمی جبکہ مکانات اورگاڑیوں کونقصان ہہنچا، زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹراسپتال نکیال منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی فوج نے چھوٹے ہتھیاروں اور مارٹر گنوں سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا، جس کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔
مزید پڑھیں : لائن آف کنٹرول : بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی
یاد رہے گذشتہ روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے بٹل سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شہری شدید زخمی ہوگیا تھا۔
اس سے قبل بھی راولاکوٹ میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے چری کوٹ سیکٹر میں آبادی پر کی جانے والی فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں2 بچے شہید ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ رواں برس بھارتی فوج کی جانب سے متعدد بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے، بھارت اپنے داخلی اور سیاسی کشیدگی اور کشمیر میں جاری ظلم و بربریت سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔
رواں برس آزاد کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 30 سے زائد افراد شہید جبکہ 176 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔