اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ سی پیک ون بیلٹ ون روڈ کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ منصوبے کو 100 سے زائد ممالک اور تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجان نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ سی پیک کا مقصد خطے کو باہمی طور پر منسلک کرنے میں اضافہ کرنا ہے۔ سی پیک ون بیلٹ ون روڈ کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سی پیک کو 100 سے زائد ممالک اور تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔
مسئلہ کشمیر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے لائن آف کنٹرول پر در اندازی کے الزامات مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں اور بھارتی افواج نے 60 سے زائد نہتے کشمیریوں کو زخمی کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے بے شمار کشمیریوں کو عقوبت خانوں میں بھی ڈالا۔
ترجمان نے افغانستان میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر رہے ہیں۔ افغانستان میں پاکستانی مغوی کا معاملہ حکومت سے اٹھایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کا رکن بننے پر پاکستانیوں کو مبارکباد، سیکریٹری خارجہ کا دورہ اومان اور سری لنکا کامیاب رہا۔ وزیر اعظم آج ترکی کا دورہ کر رہے ہیں اور وزیر خارجہ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ امریکی حکام سے اقوام متحدہ کی سائیڈ لائنز پر ملاقاتیں ہوئیں۔ امریکی وفد کا حالیہ دورہ پاکستانی ملاقاتوں کا نتیجہ ہے۔ امریکا کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے درمیان مذاکرات برسلز میں ہوئے۔ پاکستان کوئی بھی فیصلہ مفادات کو سامنے رکھ کر کرے گا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔