کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے نصیب میں قلندر کے مزار کی زیارت نہیں تھی، لعل شہباز قلندر نے عمران خان کو حاضری کی اجازت نہیں دی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ لعل شہباز قلندر نے عمران خان کو حاضری کی اجازت نہیں دی، عمران خان گناہوں کی توبہ کریں تو حاضری کی اجازت خود مل جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھی ٹوپی کو رد کرنے والے کو قلندر نے رد کردیا، عمران خان قلندر کی دھرتی سے بے مراد لوٹے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مسلح نجی محافظ کو مزار کے اندر جانے کی اجازت نہیں، عمران خان نجی گارڈز کے ساتھ مزار میں جانا چاہتے تھے۔
عمران خان کی جانب سے پیپلزپارٹی پر تنقید بلا جواز ہے، سہیل انور سیال
صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے پیپلزپارٹی پر تنقید بلاجواز ہے، مسلح گارڈز کے ساتھ مزار کے اندر جانے کی اجازت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اورعارف علوی بغیر گارڈز کے درگاہ میں داخل ہوئے، سیہون دھماکے کے بعد مزار کی سیکورٹی انتہائی سخت ہے۔
عمران خان کو درگاہ پر جانے سے نہیں روکا گیا، ڈی سی جامشورو
ڈی سی جامشورو فرید مصطفی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو درگاہ پر جانے سے نہیں روکا گیا بلکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو مسلح گارڈ لے کر جانے سے روکا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی ودیگر رہنماؤں نے درگاہ پر حاضری دی، عمران خان نے ایشو بنایا اور واپس چلے گئے۔