دبئی : سابق صدر پرویز مشرف سے ارم عظیم فاروقی نے ملاقات کی ، ملاقات میں ارم عظیم نے کہا کہ پرویزمشرف کی ملک خصوصاًکراچی کےلیےبڑی خدمات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدرپرویز مشرف سے ارم عظیم فاروقی کی دبئی میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں پرویزمشرف اورارم عظیم فاروقی کا آئندہ بھی رابطہ بحال رکھنے پر اتفاق ہوا۔
اس موقع پر ارم عظیم فاروقی کا کہنا تھا کہ سابق صدرپرویزمشرف کی دعوت پرملنےگئی تھی، پرویزمشرف کی ملک خصوصاًکراچی کےلیےبڑی خدمات ہیں، فی الحال کوئی پارٹی جوائن نہیں کررہی۔
یار رہے چند روز قبل سابق ایم کیوایم رہنما ارم عظیم فاروقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم والوں نےمجھےکہاہم تجھےدیکھ لیں گے، میری زندگی کوخطرات ہیں ملک چھوڑکرجا رہی ہوں، ہمیشہ پاکستان زندہ باد کہا ہے اور کہتی رہوں گی۔
مزید پڑھیں : میری زندگی کوخطرات ہیں ملک چھوڑکرجا رہی ہوں، ارم عظیم
ارم عظیم فاروقی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے مجھ پر غلط الزامات لگائے، عامرخان،فیصل سبزواری،خواجہ اظہارالحسن آگے نہیں آنےدیتے، ایم کیوایم اچھی جماعت ہے لیکن اس پر مافیا کا قبضہ ہے۔
یاد رہے چند ماہ قبل ایم کیو ایم کی سابق رکن سندھ اسمبلی ارم عظیم فاروقی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا تاہم بعد میں پی ٹی آئی کو بھی خیر باد کہہ دیا تھا۔
واضح رہے 22 اگست کی متنازع تقریر کے بعد ارم عظیم فاروقی نے ایم کیو ایم سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا تھا، بعد ازاں انہوں نے فاروق ستار کی غیر مشروط حمایت کا اعلان بھی کیا تھا۔
متحدہ کی سابق خاتون رکن اسمبلی نے بانی ایم کیو ایم کی ملک مخالف تقریر کی شدید الفاظ میں مذمت اور انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔