اسلام آباد : سینیٹ میں وزراء کی عدم موجودگی پر چیئرمین سینیٹ رضا ربانی ایک بار پھر برہم ہوگئے، ان کا کہنا ہے کہ وزراء کا یہ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا، ایوان میں نہیں آسکتے تو مستعفی ہوجائیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین میاں رضا ربانی کی زیر صدارت شروع ہوا تو ایوان میں حکومتی وزراء کی عدم شرکت پر چیئرمین سینیٹ کا پارہ ہائی ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ وزراء مشیروں کی اتنی بڑی فوج ہے ایوان میں نہیں آسکتے تو مستعفی ہو جائیں، چئیرمین سینیٹ کاکہنا تھا وزیراعظم ایوان میں آکر سوالوں کے جوابات دے سکتے ہیں تو وزرا کیوں نہیں آتے ؟؟
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ وزیر برائے کیڈ سے متعلق کہا گیا کہ ان کی طبیعت خراب ہے ایوان میں نہیں آسکتے۔ وزیر کی طبیعت کی خرابی کا بتایا گیا لیکن وہی وزیر کہیں اورخطاب کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ یہاں کوئی راجواڑا چل رہا ہے؟ ۔کوئی وزیر کراچی میں ہے تو کوئی بنوں میں ؟؟ وزراء کا یہ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں بھی چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے ایوان بالا کے اجلاس میں وفاقی وزراء کی عدم حاضری پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے احتجاجاً کام چھوڑ دیا تھا، وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار چیئرمین سینیٹ کو منانے کیلئے دو مرتبہ ان کی رہائش گاہ بھی گئے تھے۔
مزید پڑھیں: سینیٹ میں وزرا کی عدم موجودگی، چیئرمین نے احتجاجاً کام چھوڑ دیا
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی قومی اسمبلی میں کورم پورا نہ ہونے پر ڈپٹی اسپیکر بھی گزشتہ دنوں برہم ہوئے تھے، وزراء ایوان میں آئیں یا نہ آئیں لیکن نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ ان کی عدالت میں پیشیوں پر جانا نہیں بھولتے۔