ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ کی پی ایس پی میں شمولیت

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما اور ڈپٹی میئر کراچی ارشدہ وہرہ نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی میئر ارشدہ وہرہ پاک سرزمین پارٹی کے مرکز پاکستان ہاؤس پہنچے جہاں اُن کا انیس قائم خانی اور دیگر قائدین نے استقبال کیا۔

مصطفیٰ کمال ان دنوں دبئی میں موجود ہیں اس لیے انہوں نے وہاں سے ارشد وہرہ کے نام مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔

عوام کے لیے بہت کچھ کرسکتے تھے، معافی مانگتا ہوں، ارشد وہرہ

ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما اور رابطہ کمیٹی کے ممبر ارشد وہرہ نے کہا کہ ہم شہریوں کے لیے جو کرسکتے تھے وہ سب کچھ نہیں کیا جس کے لیے میں عوام سے معافی مانگتا ہوں، انہوں نے کہا کہ محدود اختیارات اور وسائل کے ساتھ بھی کام کیا جاسکتا تھا۔

ارشد وہرہ نے ڈپٹی میئر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے اپنی دورِ نظامت میں بہت بہترین کام کیے جس کی مثالیں آج بھی دی جاتی ہیں، پی ایس پی نے اب تک اچھے کام کیے اس لیے شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے کیے جانے والے وعدے پورے نہیں کیے، میں ذمہ داری پوری نہیں کرسکا تو بہتر یہی ہے کہ میں سیٹ چھوڑدوں، 8 سے 9 ماہ پہلے بہت دباؤتھا وہ دباؤ سہہ سکتے تھے تو یہ کچھ بھی نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ارشد وہرہ نے کہا کہ پاکستانی شہری ہوں یہیں رہوں گا اور یہی مرنا ہے، کسی پارٹی سے نہیں بلکہ مجھ سے تحقیقات کی جائیں جس کے لیے میں بالکل تیار ہوں، سابق ڈپٹی میئر کراچی نے بتایا کہ مزید اراکین اسمبلی اور بلدیاتی نمائندے بھی مستقبل قریب میں مصطفیٰ کمال کے ساتھ شامل ہوں گے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے سارے لوگوں کو یہی آنا ہے بس کچھ وقت کا انتظار کریں۔

فاروق ستار میں اخلاقی جرات ہے تو اسمبلیوں سے استعفیٰ دیں، انیس قائم خانی

پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے ارشد وہرہ کی پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ اگر فاروق ستار میں اخلاقی جرات ہے تو وہ اسمبلیوں سے استعفیٰ دیں کیونکہ بلدیاتی نمائندے اور اراکین کی بڑی تعداد ہمارے ساتھ شامل ہونے کے لیے تیار ہے۔

انیس قائم خانی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نشستوں سے استعفیٰ دے تو ہم ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے جس کے بعد سندھ کے شہری علاقوں میں ہمارے ہی نمائندے منتخب ہوں گے۔

صدر پاک سرزمین پارٹی نے کہا کہ مردم شماری اور حلقہ بندیوں کو پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں، پی ایس پی سندھ کی حلقہ بندیوں کو تسلیم نہیں کرے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا تھا کہ ہمارے اراکین پر دباؤ ہے اور اگر اب اس طرح سے وفاداری تبدیل کروائے جائے گی تو ہم ایوانوں سے مستعفیٰ ہوجائیں گے۔


اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں