کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ڈپٹی میئر کراچی کی پی ایس پی میں شمولیت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے ساتھ کھڑے تمام لوگ ارشد وہرہ ہیں، کل اس معاملے پر تفصیلی اور بھرپور جواب دوں گا۔
کراچی میں طلباء کے مظاہرے میں شرکت کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جبر اور چھینا جھپٹی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، کوئی کام عجلت یا جلد بازی میں نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جبر کی سیاست نہیں میرٹ پر فیصلہ کرنا چاہیے، ارشد وہرہ کی شمولیت پر عجلت سے نہیں بلکہ کل حقائق کے ساتھ تفصیلی جواب آپ کے سامنے رکھوں گا۔
ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ طلبا نے این ٹی ایس کے خلاف مظاہرہ کر کے تمام پول کھول دیے، آج نجی اور سرکاری میڈیکل کالجز میں 88 فیصد نمبر حاصل کرنے والے بچوں کو داخلے نہیں دیے جارہے، اگر یہی سلوک ہوتا رہا تو پھر طلبا ہماری بھی نہیں سنیں گے۔
پڑھیں: ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ کی پی ایس پی میں شمولیت
قبل ازیں ایم کیو ایم کے منتخب کردہ ڈپٹی میئر کراچی ارشدہ وہرہ نے پاک سرزمین کے مرکز پر انیس قائم خانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا ساتھ دینے اور عہدے چھوڑنے کا اعلان کیا۔
ارشد وہرہ نے کہا کہ جتنے وسائل اس وقت موجود ہیں اُن کے ساتھ بھی عوام کی خدمت کی جاسکتی تھی مگر افسوس ہے کہ میں شہریوں کے لیے کچھ نہیں کرسکا، سیٹ پر بیٹھنے کا مزید جواز نہیں رہا اس لیے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔