جمعہ, جنوری 10, 2025
اشتہار

نیب کوکمزورکیا گیا تو سڑکوں پر نکلیں گے، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

اٹک : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ نیب کو کمزور کرنےکی کوشش کی گئی تو عوام میرے ساتھ سڑکوں پر ہوگی، ہم نے پاکستان کو اپنے پیروں پرکھڑا کرنا ہے، جوآپ کو قرضےدیتا ہے وہ آپ کی آزادی چھین لیتاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا،
عمران خان نے کہا کہ ہرملک میں دو قسم کی سیاست ہوتی ہے، کچھ لوگ سیاست میں صرف اپنی ذات کیلئےخود کو فائدہ پہنچانےآتےہیں، دوسرےایسے لوگ آتے ہیں جو انسانیت کیلئے کھڑے ہوتے ہیں۔

جن لوگوں نےانسانیت کیلئےکام کیا دنیا انہیں آج بھی یادکرتی ہے جبکہ مفاد پرست لوگ جب جاتے ہیں تو لوگ خوشیاں مناتےہیں، پاکستان میں جس سیاستدان نے عوام کیلئے کچھ کیا انہیں آج بھی یاد کیا جاتا ہے، قائداعظمؒ نے اپنی ذات نہیں بلکہ پوری قوم کیلئے جدوجہد کی۔

- Advertisement -

عمران خان کا کہنا تھا کہ جو ملک آپ کو قرضےدیتا ہے وہ آپ کی آزادی چھین لیتا ہے، مقروض ملک پھر آزادانہ فیصلے نہیں کرسکتا، ایران سے گیس ہمیں سستی پڑرہی ہے لیکن قطرسے مہنگی گیس کا معاہدہ کیاگیا، ایران نے گیس لائن بنائی اگرہم لے لیتے توایل این جی سے سستی پڑتی، قرضےدینے والوں نے ہمیں ایران سے گیس کا معاہدہ نہیں کرنےدیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات جمہوریت کا حصہ ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ عام انتخابات جلد از جلد کرائے جائیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اقتدارملا تو وزیر وہ لوگ بنیں گے جوصرف عوام کی بھلائی کےبارے میں سوچیں گے، تحریک انصاف میں صرف وہ لوگ اوپرآئیں گےجوپاکستان کیلئےسیاست کرینگے،

ان کا کہنا تھا کہ جولوگ صرف اپنےلیے سیاست کرینگےانہیں کوئی عہدہ نہیں ملےگا، ہم نےعوام کیلئے پالیسی بنائی تو پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا، کیونکہ ہم نے پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوکھلاڑی اپنے لیےکھیلتے ہیں وہ ٹیم کبھی نہیں جیت پاتی، نوازشریف اورآصف زرداری کپتان بننے کے بعد اپنے لیے کھیلتے رہے، اقتدارمیں آنے کے بعد آپ ان لوگوں کے اثاثے دیکھیں، آصف زرداری کے پاس اتنا پیسہ کہاں سےآیا؟ یہ عوام کا پیسہ ہے، لوگوں کوسمجھ آگیا ہے کہ کرپشن اورغربت کا کیا تعلق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی آنہیں رہی تبدیلی آگئی ہے، لوگوں میں شعور بیدار ہوگیا ہے، اسپتالوں کاحال پورا پاکستان جانتاہے، اسکول ٹیچرزنہیں ہیں، لوگ سمجھ گئے کہ ملک کےمسائل کرپشن کی وجہ سےہیں۔

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کہتےہیں کہ کرپٹ لوگوں کے پیچھےچلے گئے تو ترقی کیسے ہوگی، اسحاق ڈار بھی معصوم شکل بنا کرجھوٹ بولتےہیں، اسحاق ڈار کہتےہیں کہ پاکستان تو کیا پوری دنیا میں ہی کرپشن ہوتی ہے۔

خواجہ آصف نے اسمبلی میں کہا تھا کہ میاں صاحب فکرنہ کریں لوگ پاناما کو بھول جائیں گے، اس کامطلب عوام کاپیسہ چوری ہوئی اورانہیں کوئی فکرہی نہیں ہے۔

نوازشریف اوران کا ٹولہ کہتا ہے کہ ہمارا احتساب عوام کریں گے، دنیا میں جج احتساب کرتےہیں،عوام صرف منتخب کرتےہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں