لاہور : وزیراعلٰی شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام اپنی جان سے زیادہ عزیزہیں۔ ملاوٹ مافیا کو انسانی صحت سے نہیں کھیلنے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے دو گھنٹے طویل ویڈیو کانفرنس کی، جس میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ صوبے کے عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق تیار کردہ کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی میرا مشن ہے اور پنجاب فوڈ اتھارٹی اس مشن کی تکمیل میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مضر صحت کھانے پینے کی اشیاء تیار اور فروخت کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملاوٹ مافیا کو انسانی صحت سے نہیں کھیلنے دیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ صوبے کے عوام انہیں اپنی جان سے زیادہ عزیز ہیں، اشیائے خورد و نوش میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔
مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن نےسیاست کوہمیشہ عوام کی خدمت کا ذریعہ سمجھا‘ شہبازشریف
انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی گندے پانی سے سبزیاں کاشت کرنے والو ں کے خلاف تسلسل کے ساتھ کارروائی جاری رکھے اور فوڈ سیفٹی کے بارے میں اقدامات کو نصاب میں شامل کرنے کیلئے فوری طور پر کام کیا جائے۔
وزیراعلٰی نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے عملے کی بیرون ملک تربیت کا انتظام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں فوڈ کمپنیوں کی سپانسرشپ کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے لئے فوڈ کورٹس بھی بنائی جائیں گی۔