اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ اقبال نے مسلمانان ہندکو قدموں پر کھڑا ہونے کا سبق دیا، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کا ہر نوجوان اقبال کا شاہین ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق یوم اقبال پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم ولادت پرشاعرمشرق کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں علامہ اقبال نےاپنے فکر انگیز کلام سےقوم کو یکجا کیا۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ اقبال نے مسلمانان ہندکو قدموں پر کھڑا ہونے کا سبق دیا، اقبال نےقومی اہمیت پر سمجھوتہ نہ کرنے کاخصوصی درس دیا، پاکستان کو حقیقی مقام دلانے کیلئے اقبال کے فلسفے کو اپنانے کی ضرورت ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کا ہر نوجوان اقبال کا شاہین ہوگا، نوجوان کلامِ اقبال کو اپنی شخصیت و کردار سازی کا مرکز بنائیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ اس سے پاکستان اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکے۔
خیال رہے کہ حکیم الامت ڈاکٹرعلامہ محمداقبال کا140واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے اور یوم اقبال کےحوالے سے ملک بھرمیں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔