کراچی : سینیئرصوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی کالا باغ ڈیم کو مسترد کرچکی ہے لیکن ڈیم کی مخالفت کرنے والوں کو را کا ایجنٹ قرار دینا کسی طور مناسب عمل نہیں جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میں کالا باغ ڈیم کے خلاف سندھ اسمبلی میں وفاقی وزیر کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کرتے ہوئے کیا جب کہ مذمتی قرارداد کو منتفقہ طور پر سندھ اسمبلی نے منظور کرلیا.
نثار کھوڑو نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر ننے کالا باغ ڈیم پر اختلاف رائے رکھنے والوں کو بھارتی ایجنٹ کہا جس سے سندھ کے عوام کی دل آزاری ہوئی ہے اور سندھ اسمبلی کی توہین کی گئی ہے.
انہوں نے کہا کہ وزیر موصوف اگر اتنے ہی محب الوطن ہیں تو اپنے قائد نواز شریف کی سرزنش کیوں نہیں کرتے جو مودی سے ملتے ہیں اور بھارت سے کاروباری مراسم بھی رکھتے ہیں.
نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر کو حب الوطنی کا مظاہر کرتے ہوئے نوازشریف کی بھارت نواز پالیسیوں سے پر بھی آواز اٹھانی چاہیئے لیکن ایسا کرنے کی شاید انہیں ہمت نہیں ہو گی.
انہوں نے مزید کہا کہ کالا ڈیم پر سندھ اسمبلی سمیت ملک کی تین صوبائی اسمبلیوں نے کالا باغ ڈیم کے خلاف قراردادیں منظور کی ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس ڈیم کے خلاف تین اسمبلیاں ایک صفحے پر ہیں.
سینیئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم پر اکثریت کے فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیئے اور اس قسم کے بیانات سے پرہیز کرنا چاہیئے جس سے چھوٹوں صوبوں کی دل آزاری ہو اور ان میں احساس محرومی بڑھے گی.
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔