لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ٹیم 2019 میں سب کے لیے خطرہ ثابت ہوگی، عماد وسیم کو کراچی کنگز کی قیادت ملنا اچھی بات ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا باؤلنگ اٹیک دنیا کی بہترین ٹیموں میں شمار ہوتا ہے، سرفراز احمد کی قیادت میں ٹیم بہت اچھا کھیل پیش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فخرزمان کی طرح ایک اور ہارڈہٹز کی ضرورت ہے تاکہ کمی کو پورا کیا جاسکے، عماد وسیم کو کراچی کنگز کی قیادت ملنا اچھی بات ہے۔
مکی آرتھر کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن رکھنا پاکستانی ٹیم کے لیے بڑا چیلنج ہوگا مگر یقین ہے کہ کھلاڑی اچھا کھیل پیش کر کے اس پوزیشن کو برقرار رکھیں گے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 3: پی سی بی نے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی
یاد رہے کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے لیے کل لاہور میں 501 کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ ہوگی، ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی 6 فرنچائزز پہلے ہی 9 ، 9 کھلاڑیوں کا انتخاب کرچکی ہیں جبکہ کل اُنہیں پلاٹینیم، ڈائمنڈ، گولڈ اور ایمرجنگ کیٹگری سے مزید کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ اے آر وائی کے سی ای او اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے گزشتہ ہفتے ٹیم کی کپتانی کے لیے عماد وسیم کے نام کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عماد وسیم کراچی کنگز کے کپتان مقرر
اس موقع پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ’نوجوانوں کے لیے صحت مندانہ سرگرمیوں کا ماحول پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، پی ایس ایل انعقاد کے بعد سے کرکٹ میں بڑی تبدیلیاں آئیں اور نئے ہیرے سامنے آئے جنہوں نے قومی ٹیم کے لیے اچھا کھیل پیش کیا‘۔
تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کراچی کنگز کے صدر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ عماد وسیم جارحانہ کپتان ہے اور مجھے اسی طرح کے کپتان پسند ہیں، کراچی کنگز میں بطور ٹیم ممبر کھیلنے میں بہت مزہ آئے گا اور ہم اپنی ٹیم کو ہرصورت فتح دلوانے کی کوشش کریں گے۔