اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج کوئی ملک چیلنجز سے پاک نہیں، نئی ترقیوں کے ساتھ نئی جہتوں کا آغاز ہورہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، احسن اقبال نے کہا کہ لیڈر کو عوام پر اعتماد بنانے اور بحال رکھنے کی ضرورت ہے، لیڈر کو مسائل سمجھنے کے لیے عوامی آدمی ہونا چاہئے، لیڈر اور عوام کا مضبوط رشتہ ہی ملک کو آگے لے جاسکتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں سی پیک کے ذریعے نئے مواقع فراہم کررہا ہے، سی پیک وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور چین کو ایک ساتھ ملائے گا، بیرونی سرمایہ کاری کے لیے سی پیک ایک نادر موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں دیکھ چکے تنازع میں کسی کا فائدہ نہیں ہے، امن اور استحکام میں ہی سب کا فائدہ ہوتا ہے۔
یہ پڑھیں: عمران خان کوصرف ستیاناس اوربیڑہ غرق دکھائی دیتا ہے، احسن اقبال
احسن اقبال نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جمہوری عمل کے تسلسل کو روکنے کے لیے منفی ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں جبکہ ان کی ذاتی زندگی کے ایسے ثبوت ہیں اگر انہیں سامنے لایا جائے تو وہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو مشورہ ہے کہ وہ اونچا نہ اڑیں، ضد اور انا کی سیاست چھوڑ دیں، عمران خان چاہتے ہیں کہ کسی بھی طرح سینیٹ الیکشن رکواسکیں۔