اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

ایپکس کمیٹی اجلاس: لوٹ مار کرنیوالے افراد کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر قائد میں لوٹ مار کرنے والے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا، رینجرزاور پولیس مل کرآپریشن کرے گی۔

اس بات کا فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، اپیکس کمیٹی کا اجلاس وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوا جس میں کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے بحث ہوئی۔

اس موقع پر آئی جی سندھ نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ بھی دی، مراد علی شاہ نے متعلقہ پولیس حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کو کسی صورت بھی کنٹرول کرنا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسٹریٹ کرمنلز کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا، اس حوالے سے رینجرز اور پولیس مل کر آپریشن کرے گی۔

دریں اثناء اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، آئی جی سندھ کا بریفنگ میں کہنا تھا کہ سچل، گلستان جوہر، منگھوپیر، سرجانی ٹاؤن میں زمینوں پر قبضہ کیا جارہا ہے، ان زمینوں کا پیسہ دہشت گردی اور جرائم پیشہ افراد اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائم کیسز کیلئے الگ عدالتیں بنائی جائیں، اس سلسلے میں مقدمات کی درجہ بندی کرنا ہوں گی۔

انہوں نے وزیرقانون، ایڈووکیٹ جنرل، سیکریٹری داخلہ کی تین رکنی کمیٹی قائم کرتے ہوئے کمیٹی کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے ملاقات کی ہدایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ کمیٹی آئندہ اپیکس کمیٹی میں پیشرفت رپورٹ پیش کرے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ وفاق کو کہوں گا کہ وہ انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں ترمیم کرے، ترمیم سے ان لوگوں کے بینک اکاؤنٹس سے ٹرانزیکشن رک جائے گی۔

صوبائی وزیر بلدیات ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ زمینوں کے جعلی پیپرز بنانے والوں کی نشاندہی کی جائے، لوگ جعلی پیپرز بنا کر سرکاری زمین پر قبضہ کرتے ہیں، سرکاری یا پرائیویٹ مالکان جعلی پیپرز لے کرعدالت پہنچتے ہیں، اتنی موٹی فائل ہوتی ہے کہ دیکھ کر لگتا ہے کہ کیس الجھ جائے گا۔

جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ بہت ہی سنگین جرم ہے، حکمت عملی بنا کر مربوط آپریشن کیا جائے، عوام کی سرکاری زمینیں حکومت کے پاس امانت ہیں، اگر ہم اس امانت کو سنبھال نہیں سکے تو تکلیف کی بات ہوگی۔

رواں سال17ہزار184موبائل فون چھینے گئے، اجلاس کو بریفنگ

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال17ہزار184موبائل فون چھینے گئے،
ایک ہزار اڑتیس گاڑیاں،18337موٹرسائیکلیں چوری و چھینی گئیں۔

ڈی جی رینجرز نے بتایا کہ رینجرز نے شہر کئے مختلف علاقوں میں بلاتفریق آپریشن کیے، گرفتار ملزمان نے7282قتل کرنے کا اعتراف کیاہے، ڈی جی رینجرز کے مطابق ایک ہزار اٹھاسی اسٹریٹ کرمنلز،472ڈکیت گرفتارکیے گئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں