نئی دہلی : بھارت نے ایشیا کپ کی میزبانی سے انکار کر دیا ہے جس کی وجہ پاکستان کو ایونٹ میں مدعو نہ کرنا ہے، ایشیئن کرکٹ کونسل کے آئندہ اجلاس میں سری لنکا یا بنگلہ دیش کو میزبانی دیئے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق میں نہ مانوں کی رٹ لگانے والا بھارت ایک بار پھر کرکٹ کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ بھارت 2018کے ایشیا کپ کی میزبانی سے مکر گیا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو ایشیا کپ میں مدعو کرنے کی اجازت نہیں ملے گی، لہٰذا ہم ایشیا کپ کی میزبانی نہیں کر سکتے۔
علاوہ ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئندہ چار سال میں پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز کا بھی کوئی امکان نہیں ہے۔
اس حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایشیا کپ کی میزبانی کے بارے میں باضابطہ اطلاع نہیں دی ہے، اگر بھارت نے18دسمبر تک اے سی سی کے اجلاس میں آگاہ کیا تو سری لنکا یا بنگلہ دیش کو میزبانی دی جائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں آئی سی سی کے ایونٹس میں ہی مدمقابل ہوتی ہیں، آخری مرتبہ دونوں ٹیموں کا مقابلہ چیمپینز ٹرافی میں ہوا تھا جس کے لیگ میچ میں پاکستان کو شکست ہوئی تو فائنل میچ میں پاکستان نے 180 رنز کی عبرتناک شکست سے دوچار کرکے چیمپینز کا تاج اپنے سر پر سجایا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔