ڈھاکہ: کرس گیل کی دھواں دھار سنچری کی بدولت رنگپور رائیڈرز، ڈھاکہ ڈائنامائٹس کو 57 رنز سے شکست دے کر بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی چیمپئن بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے فائنل میچ میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، رنگپور رائیڈرز نے مقررہ اوورز میں 206 رنز بنائے جواب میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس مقررہ اوورز میں صرف 149 رنز بناسکی۔
میچ کی خاص بات کرس گیل کی دھواں دھار ناقابل شکست سنچری تھی، گیل نے 69 گیندوں پر 18 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 146 رنز بنائے جبکہ برینڈن میکولم نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔
This is how @henrygayle punished Dhaka Dynamites bowling lineup, Scored 146* off just 69 deliveries with the help of 18 sixes. He becomes leading run scorer of #BPL tonight with 485 runs, 2 hundreds & 47 sixes in the tournament. pic.twitter.com/zW0D2mXjbp
— Raza Mehdi (@SyedRezaMehdi) December 12, 2017
ڈھاکہ ڈائنامائٹس کی ٹیم پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 149رنز بناسکی، ڈھاکہ ڈائنامائٹس کی جانب سے صرف جہور الاسلام نصف سنچری اسکور کرسکے۔
ڈھاکہ ڈائنامائٹس کے صرف چار بلے باز ڈبل فگر میں داخل ہوسکے، شاہد خان آفریدی صرف 8 رنز بناکر نظم الاسلام کی گیند پر روبیل حسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، جبکہ بالنگ میں آفریدی کوئی کمال نہ دکھاسکے اور چار اوورز میں 28 رنز دیکر کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
گیل کو فائنل میچ میں ناقابل شکست سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
کرس گیل نے شاندار سنچری کے ساتھ ہی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں سب سے زیادہ اسکور 485 رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا، گیل نے ٹورنامنٹ میں دو سنچریاں بنائیں اور 47 بلند و بالا چھکے لگائے۔