کراچی : ڈی جی رینجرز میجرجنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کے مثبت نتائج امن کی صورت میں نظر آرہے ہیں جس کے لیے تمام سیکیورٹی ایجنسیوں کے سمیت رینجرز نے بڑی قربانیاں دیں ہیں.
ان خیالات کا اظہار ڈی جی رینجرز نے بحریہ یونیورسٹی کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا کہ کراچی میں گلی گلی خون بہتا تھا لیکن آج طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد میں یہاں موجودگی نے کراچی میں مثبت تبدیلیوں کے خواب کے تعبیر کو سچا ثابت کردیا ہے.
ڈی جی رینجرز محمد سعید نے کہا کہ امن وامان کی بہتری کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں اور پائیدار امن کے لیے تمام کاوشیں بروئے کار لائیں گے اور کراچی آپریشن حتمی مقاصد کے حصول تک بلاتفریق جاری رہے گا جس کے لیے طے شدہ اہداف کامیابی سے حاصل کر رہے ہیں.
ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا تھا کہ ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید نے آج بحریہ یونیورسٹی کراچی کا دوری کیا جہاں یونیورسٹی انتظامیہ اور طلباء نے اُن کا پُرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر یونیورسٹی طلباء اور طالبات کو کراچی آپریشن اور اس کے نتائج پرتفصیلی بریفنگ بھی دی.
ترجمان رینجرز نے مزید کہا کہ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی، اساتذہ اور طلباء نے کراچی میں قیام امن کے لیے رینجرزکی کارکردگی کو سراہا.