بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

پاک بحریہ کے سربراہ کے لئے ترک فوج کا اعلی عسکری اعزاز

اشتہار

حیرت انگیز

انقرہ :پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کو ترک افواج کے اعلیٰ عسکری اعزاز لیجن آف دی ترکش آرمڈ فورسزکے اعزازسے نوازا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمود کوترکش نیول فورسزہیڈکوارٹرزمیں ایک پروقار تقریب میں اعزازتفویض کیا گیا۔

ترک نیوی کے سربراہ وائس ایڈمرل عدنان اُزبال نے ایڈمرل ظفر محمود کو اعزاز تفویض کیا، ایڈمرل ظفرمحمود کودونوں ممالک کی بحری افواج کے تعاون کومزید مضبوط بنانے پردیا گیا۔

پاک بحریہ کےسربراہ نے ترک نیول چیف، قومی دفاع کے وزیرکمانڈرجنرل اسٹاف سے ملاقاتیں بھی کیں، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُمور بشمول بحری اشتراکیت اور بحرِ ہند میں سکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے خطے میں میری ٹائم امن و استحکام کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ترکش نیوی کے کردار اورخدمات کی تعریف کی۔


مزید پڑھیں : نیول چیف کی ترکی میں اہم ملاقاتیں


ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گولکیک نیول شپ یارڈ اور ترکش نیوی کے جہاز ہیبیلیادا(HEYBELIADA)کا دورہ بھی کیا، ترکش نیوی کے جہاز آمد پر ترکش نیوی کے چاق و چوبند دستے نے انہیں اعزازی سلامی پیش کی۔

جہاز کے دورے کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ نے جہاز کے عملے کے ساتھ بات چیت کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی بے مثال اور نہایت ہی اہم ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعاون مضبوط تعلقات کا باعث ہے۔

خیال رہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی ترکی کے سرکاری دورے پر ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ 2 ماہ قبل وائس ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کو ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے کر بطور نئے نیول چیف مقرر کیا گیا تھا۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں